نواز شریف ، آصف زرداری مقدمات کو طول دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، فواد چوہدری
اسلام آباد:-وفاقی وزیرِاطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری مقدمات کو طول دینے کی پالیسی پرعمل پیرا ہیں ۔وفاقی وزیرِاطلاعات فواد چوہدری نے اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی۔اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر اور وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب بھی موجود تھے۔فواد چوہدری نے کہا کہ زرداری کی طرح مریم نواز بھی التوا کے راستے پر چل نکلی ہیں، نواز شریف اور آصف علی زرداری نے ایک ہی پالیسی رکھی ہے کہ مقدمات کو طول دیں۔انہوں نے کہا کہ کیسز کو اتنا طول دیں کہ لوگوں کا انصاف پر سے اعتماد ہی اٹھ جائے، اگر کیسز منطقی انجام کو نہ پہنچیں تو لوگوں کا نظامِ انصاف پر اعتماد مجروح ہوتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ حدیبیہ پیپر ملز کا کیس 2 ہفتوں میں متعلقہ فورم پر کھل جائے گا، شہباز شریف کا کیس روزانہ کی بنیاد پر چلنا چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف جیل میں تھے تو 72 مرتبہ ٹیسٹ کراتے تھے، جس دن سے باہر آئے ہیں، کمر درد یا کسی بیماری کی شکایت نہیں کی۔انہوں نے کہا ہے کہ آصف زرداری کے ساتھ ڈیل کا تاثر اس لیے ہے کہ ان کے کیسز کا فیصلہ نہیں ہو رہا۔