وفاقی کابینہ نے چینی سرمایہ کاری کی سہولت کیلئے سی پیک خصوصی بزنس ویزا کی منظوری دی
وفاقی کابینہ نے ملک میں چینی سرمایہ کاری کی سہولت کیلئے سی پیک خصوصی بزنس ویزا کی منظوری دی۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کے روز اسلام آباد میں منصوبہ بندی کے وزیر اسد عمر کے ہمراہ کابینہ اجلاس کی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے چینی سرمایہ کار48 گھنٹے میں ویزا جبکہ30دنوں میں سیکورٹی کلیئرنس حاصل کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ کابینہ نے کورونا وباء کے باعث چیلنجوں اور سابقہ حکومتوں کی ناقص پالیسیوں کے باوجود ملک میں استحکام لانے پر اقتصادی ٹیم کی تعریف کی۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا ہماری انتخابی اصلاحات کا اہم ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا الیکشن کمیشن کو اوورسیز پاکستانیوں کو انتخابی عمل میں شامل کرنے کیلئے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ بار ایسوسی ایشنوں سمیت معاشرے کے مختلف طبقوں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی تعریف کی ہے۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی بار کونسل نے اپنے آئندہ انتخابات کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین مانگی ہے۔کابینہ نے ترکی اورسعودی عرب کے درمیان تعلقات میں بہتری کا خیر مقدم کیا کیونکہ اس سے امت مسلمہ کو فائدہ ہو گا۔وزیراعظم نے بین الاقوامی فورموں پر مسئلہ فلسطین کامیابی سے اٹھانے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی تعریف کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کابینہ نے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کی منظوری دی اور وزارت دفاع کو اس سلسلے میں تمام انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ کابینہ نے پابندی اٹھانے کیلئے تحریک لبیک پاکستان کی درخواست کا جائزہ لینے کی غرض سے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی۔کابینہ نے پاکستان ٹیلی ویژن کیلئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی بھی منظوری دی سیکرٹری اطلاعات نئے بورڈ کے سربراہ ہوں گے جبکہ ریڈیو پاکستان کی ڈائریکٹر جنرل بھی بورڈ کی رکن ہوں گی۔