لانگ مارچ، PTI کو جلسے کیلئے متبادل جگہ فراہم کرنے کی ہدایت

سپریم کورٹ نے عمران خان کے لانگ مارچ کے باعث راستوں کی بندش اور چھاپوں کیخلاف کیس میں چیف کمشنر کو پی ٹی آئی جلسے کے لیے متبادل جگہ فراہم کرکے رپورٹ کرنے کا کہہ دیا۔ جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سپریم کورٹ میں عمران خان کے لانگ مارچ کے باعث راستوں کی بندش اور چھاپوں کیخلاف کیس کی سماعت کر رہا ہے۔ سپریم کورٹ میں جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس میں چیف کمشنر کو حکم دیا کہ پلان ترتیب کرکے لائیں کہ جلسہ کہاں ہوگا اور ٹریفک پلان کیا ہوگا۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ پی ٹی آئی کو متبادل جگہ کی پیش کش کریں اور اس پر مذاکرات کے بعد عدالت کو آگاہ کریں۔ کیس کی سماعت میں طلبی کے بعد آئی جی اسلام آباد بھی سپریم کورٹ میں پیش ہوگئے، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے ریمارکس دیئے کہ سیکریٹری داخلہ اور آئی جی اسلام آباد اپنی پالیسی پر نظر ثانی کریں۔