پی ٹی آئی کا لانگ مارچ: عمران خان پنجاب میں داخل، لاہور اور کراچی میں صورتحال کشیدہ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی کال پر پنجاب اور خیبر پختونخوا سے تحریک انصاف کے کارکن اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہیں جبکہ کراچی میں نمائش چورنگی پر کارکنوں اور پولیس کے درمیان چھڑپیں ہوئی ہیں۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کے سلسلے میں کراچی کی نمائش چورنگی پر بھی کارکن جمع ہوئے جہاں صورتحال کشیدہ ہوگئی ہے۔کراچی میں نمائش چورنگی پر شام کو کشیدگی اس وقت شروع ہوئی جب مشتعل مظاہرین نے ایک پولیس موبائل کو نذرآتش کردیا جبکہ پتھراؤ سے ایس پی سمیت کئی پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔پولیس اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کی تاہم مظاہرین کی تعداد مزید بڑھتی گئی۔ شارع قائدین پر خداداد کالونی چورنگی اور نورانی چورنگی پر بھی ہنگامہ آرائی جاری ہے۔ لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ کے مقام پر پولیس نے موٹر وے بند کرکے بعض ٹرک ڈرائیوروں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
لاہور کو دوسرےشہروں سے ملانے والے 6 اہم اوربڑے راستےمکمل طور پر بندکر دیے گئے ہیں جس کی وجہ سےکوئی گاڑی شہر سےباہر نہیں جا پا رہی، پولیس کی بھاری نفری لوگوں کو ایک جگہ جمع بھی نہیں ہونے دے رہی۔