پی ٹی آئی لانگ مارچ: سری نگر ہائی وے پہنچنے والے کارکنان کو ڈی چوک پہنچنے کی ہدایت
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک اور اعظم سواتی کی قیادت میں قافلہ سری نگر ہائی وے پہنچ گیا، جہاں پارٹی قیادت نے کارکنان کو ہر صورت ڈی چوک پہنچنے کی ہدایت کی ہے جبکہ عمران خان بھی قافلے کے ہمراہ پنجاب کی حدود میں داخل ہوگئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی کال پر پی ٹی آئی کے کارکنان اور عوام حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلے، جو رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں، شرکا کو روکنے کے لیے انتظامیہ بھی متحرک نظر آئی جس کے باعث کراچی، لاہور، راولپنڈی میں تصادم بھی ہوا۔
پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان حسن ابدال سمیت مختلف مقامات پر کھڑی رکاوٹوں کو ہٹاتے ہوئے اسلام آباد پہنچے، پرویز خٹک اور اعظم سواتی کی زیر قیادت پی ٹی آئی کا قافلہ سری نگر ہائی وے پہنچا، جس کے بعد سابق وفاقی وزیر دفاع نے قافلے کے ہمراہ ڈی چوک جانے کی کوشش کی تو پولیس نے شدید شیلنگ کی جس پر پی ٹی آئی کارکنان کو پسپائی کا سامنا کرنا پڑا۔بعد ازاں اعظم سواتی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی کارکنان کو سری نگر ہائی وے سے ہر صورت ڈی چوک پہنچنے کی ہدایت کی جس پر انتظامیہ نے مارگلہ روڈ سے بھی ریڈ زون انڑی پر کنٹینر رکھ کر بند کر دیا۔