الیکشن سے کم کوئی بات نہیں ہو گی،کارکنان ڈی چوک پہنچیں: فواد چودھری
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی پریس کانفرنس پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ مریم نواز جھوٹ کی دیوی ہیں، میں رات سے کشمیر اور جہلم کے بارڈر پر آنسو گیس اور پولیس کا سامنا کر رہا ہوں اور مریم نواز فرما رہی ہے میں اسپیکر ہاؤس میں اس امپورٹڈ حکومت سے مذاکرات کر رہا تھا، اب کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، صرف مقابلہ ہوگا۔سابق وفاقی وزیر نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر سلسلہ وار ٹوئیٹس میں کہا کہ مریم نواز اور رانا ثناءاللہ سے پوچھتا ہوں کہ اگر لانگ مارچ میں شرکت کے لیے لوگ باہر نہیں نکلے تو پورا پاکستان بند کیوں کیا ہوا ہے، پنجاب سے سینکڑوں لوگ حراست میں کیوں لیے ہوئے ہیں؟۔انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ دیکھتے ہیں کتنے دن پولیس لگاتے ہو، اگر یہ ٹیسٹ میچ ہے تو ٹیسٹ ہی سہی، ہم بھی دیکھتے ہیں کہ بازوئے قاتل میں کتنا زور ہے، کارکنان ڈی چوک پہنچیں، مقابلہ ابھی شروع ہوا ہے، عمران خان بھی ڈی چوک پہنچ رہے ہیں۔سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن سے کم کوئی بات نہیں ہو گی، جدوجہد جاری رہے گی، پیچھے کوئی نہ ہٹے، میرے قافلے میں شامل کوئی کم ظرف نہیں ہے۔