پرویزالہٰی کے گھر کے اندر تلاشی کاعمل شروع
پولیس حکام نے تلاشی میں مدد دینے کے لیے خواتین اہلکاروں کو گھر کے اندر طلب کر لیا ہے جب کہ خواتین اہلکاروں کی مزید نفری بھی جائے وقوع پر طلب کی گئی ہے۔ ڈی آئی جی پولیس (آپریشنز) صادق ڈوگر سمیت پولیس کی بھاری نفری ظہور الہٰی روڈ پر موجود ہے اور سڑک کو دونوں اطراف سے ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بھی بند کردیا گیا ہے۔ پولیس اور اینٹی کرپشن کے اہلکار گھر کے اندر سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی اور درکار شواہد کی تلاش میں مصروف ہیں، پی ٹی آئی کے مرکزی صدر پرویز الہٰی کی لیگل ٹیم گھر کی تلاشی میں پولیس حکام کی معاونت کررہی ہے۔ اس ضمن میں چودھری پرویز الٰہی کے اہل خانہ کا دعویٰ ہے کہ وہ گھر پہ موجود نہیں ہیں جب کہ اینٹی کرپشن حکام کا مؤقف ہے کہ انہوں نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی موجودگی کی اطلاع پر ہی گھر پہ چھاپہ مارا ہے۔ پولیس اور اینٹی کرپشن کی ٹیم گزشتہ 40 منٹ سے چودھری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ میں موجود ہے اور اپنی معاونت کے لیے مزید خواتین پولیس اہلکاروں کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔