امریکہ نے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو نامناسب قرار دے دیا۔ پاکستان کی اقتصادی امداد جاری رکھنا ایک صبر آزما کام ہے. کیمرون منٹر
لاہور یونیورسٹی فار مینجمنٹ سائینسز میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر کمیرون منڑکا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کا یہ خیال درست نہیں کہ امریکہ پاکستان کواندرونی معاملات میں ڈکٹیشن دیتا ہے۔ دونوں ممالک سماجی اور فوجی شعبوں سمیت دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کررہے ہیں۔ امریکی سفیرنے بتایا کہ پاکستانی علاقوں میں ڈرون حملے پاک امریکہ کی مشترکہ کارروائی کا حصہ ہے، جو دہشتگردوں اوردرگاہوں پرحملہ کرنے والوں کے خلاف کی جاتی ہے۔ کیمرون منٹرکا کہنا تھا کہ امریکی ایوانوں میں پاکستان کی امداد پرشدید تنقید کی جاتی ہے جسے جاری رکھنا امریکی حکام کے لیے صبر آزما کام ہے۔ امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دس فیصد لوگ انکے موقف سے متفق نہیں مگر انہیں سمجھانا مشکل کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان، افغانستان، بھارت اور خطے کے دیگر ممالک مل کر کام کریں۔ کمیرون منڑ نے کہا کہ انکا ملک ایک ایسا مستحکم پاکستان دیکھنا چاہتا ہے جہاں جمہوریت مظبوط ہو۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیمرون منڑ نے حسین حقانی کے معاملے کو پاکستان کا داخلی معاملہ قرار دیا جبکہ تحریک انصاف کے چیرمین اور آئی۔ایس۔آئی کے سربراہ کے ساتھ ہونے والی ملاقات کی تصدیق کی۔ اس موقع پرکیمرون منڑ نے یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اورامریکہ کی جانب سے پاکستان میں تعلیمی شعبے میں ترقی کیلئے پندرہ ملین ڈالر کی امداد کو جاری رکھنے کا اعلان کیا۔