تحریک انصاف کے دھرنے پر وفاقی وزیراطلاعات کے صبر کا پیمانہ بھی لبریز ہوگیا، کہتے ہیں عمران خان پڑوسی ممالک سے تعلقات خراب کر کے ملک کی کون سی خدمت کرنا چاہتے ہیں
الحمراء آرٹس کونسل لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ہفتے اور اتوار کو نیٹو سپلائی بند ہوتی ہے، پھر عمران خان ان دنوں میں کون سی نیٹو سپلائی بند کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو کنٹینرز میں اسلحہ نہیں بلکہ افغانیوں کے لیے اشیائے خورونوش جاتی ہیں اور اسے بند کر کے عمران خان ملک کی کیا خدمت کرنا چاہتے ہیں ۔ پرویز رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کی زبان طالبان اور تلوار امریکہ کے ساتھ ہے اور اس وقت ضرورت ہے کہ پاکستان کے دوستوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے جبکہ تحریک انصاف پاکستان کے دوست کم کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ آج ایران اور امریکہ کے تعلقات بھی بہتر ہو رہے ہیں لیکن ہمارے تعلقات ہمسایوں سے خراب کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں جس کا فائدہ پاکستان کے دشمنوں کو ہی ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میاں نوازشریف اُس وقت بھی قومی رہنما تھے جب عمران خان گیند سمیت نہ جانے کن چیزوں کے پیچھے بھاگ رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں کے خلاف درج ہونے والی مزاحیہ ایف آئی آر کو طنزومزاح کی عالمی کانفرنس میں پڑھا جانا چاہیے۔