لاہورہائیکورٹ نے نجی چینل کے کارکن رانا بلال قتل کیس میں نامزد ملزم طلحہ کی عبوری ضمانت میں سات دسمبر تک توسیع کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چوہدری مشتاق نے کیس کی سماعت کی۔ملزم طلحہ کے وکیل نے عدالت کو بتایاکہ پولیس نےحادثے کو بے بنیاد طور پر قتل کا رنگ دیا ہے اور ملزم کے خلاف تھانہ ستوکتلہ میں قتل کا جھوٹا مقدمہ درج کیا ہے،انہوں نےعدالت کو بتایاکہ ملزم کا دوست گاڑی چلا رہا تھا،جس کی ٹکر سے رانا بلال جاں بحق ہوا۔ اس کے خلاف سیاسی دباو پر مقدمہ درج کیا گیا،جو کہ قانون کے تقاضوں کے خلاف ہے۔انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ صلح کی کوششیں جاری ہیں لہذا عبوری ضمانت میں مزید توسیع کی جائے۔عدالتی حکم کے باوجودتھانہ ستوکتلہ کے ایس ایچ او نے کیس کا ریکارڈ عدالت میں پیش نہ کیا جس پر عدالت نے تھانہ ستوکتلہ کے ایس ایچ او کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئےرپورٹ طلب کر لی۔جسٹس چوہدری مشتاق نے ذاتی وجوہات کی بناء پر کیس کی سماعت سے معذرت کرتے ہوئے کیس مزید سماعت کے لئے چیف جسٹس کو واپس بھجوا دیا۔