ورلڈ مسٹر مسل مینیا کا ٹائٹل جیتنے والے پاکستانی تن ساز سلمان احمد امریکہ سے لاہور پہنچ گئے
لاس ویگاس میں ہونے والے ورلڈ مسٹر مسل مینیا کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والے پاکستانی باڈی بلڈر سلمان احمد وطن واپس پہنچ گئے، اس موقع پر سلمان احمد کی فیملی، دوست احباب اور شہریوں کی کثیر تعداد علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر موجود تھی، سلمان احمد کا شاندار استقبال کیا گیا، کسی نے پھولوں کے ہار پہنائے تو کسی نے ماتھا چوما، سلمان احمد پہلے پاکستانی تن ساز ہیں جو 25برس سے منعقد کیے جانے والے مسٹر مسل مینیا کا ٹائٹل حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، سلمان احمد نے لائٹ ویٹ کیٹگری میں سونے کا تمغہ جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا ہے، ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوجوان ایتھلیٹ آبدیدہ ہوگئے، جیت کا کریڈٹ والدہ کو دیا اور پوری قوم کا شکریہ ادا کیا۔ سلمان احمد کو ریسیو کرنے کے لیے باڈی بلڈنگ فیڈریشن کا کوئی نمائندہ ایئرپورٹ پر موجود نہیں تھا، سلمان احمد کا کہنا تھا کہ اگر حکومت سرپرستی کرے تو مزید کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔