حکومت اقتصادی راہداری کے منصوبوں پر عملدرآمد جاری رکھے گی:ڈاکٹر محمد فیصل
دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹرمحمدفیصل نے کہاہے کہ پاکستان کے عوام اور حکومت خطے کی خوشحالی کے لئے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں پر عملدرآمد جاری رکھیں گے۔ ایک نجی نیوزچینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری روزگار کے مواقع پیدا کرنے، غربت کے خاتمے اور معاشی ترقی کاایک اہم اور عظیم منصوبہ ہے۔منصوبے پرامریکی تحفظات کے حوالے سے ایک سوال پرانہوں نے کہاکہ پاکستان دونوں عالمی طاقتوں کے درمیان معاشی جنگ کاہرگزحصہ نہیں بنے گا۔ترجمان نے کہاکہ پاکستان کسی قیمت پرچین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور پوری قوم اس کے ترقیاتی عمل کوجاری رکھنے میں اپناکرداراداکرے گی۔سارک کے حوالے سے ایک اورسوال پرانہوں نے کہاکہ بھارت سارک سربراہ اجلاس بلانے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمسایہ ملک کے تعاون اوردلچسپی کے بغیر جنوبی ایشیائی ملکوں کی اس تنظیم کے اہداف کاحصول ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ سارک کوفعال بنانے میں بھارت کودلچسپی لینی چاہیے تاکہ خطے کودرپیش مسائل موثراندازمیں حل کئے جاسکیں