پاکستان کوسرسبزبنانے کے لیےسب کومل کر کام کرناہوگا :وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے گرین کلین انڈیکس پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی خاموش قاتل ہے، اورا س وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ماحولیاتی آلودگی ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم سمجھتے تھے کہ دہلی سب سے زیادہ آلودہ شہر ہے لیکن آج لاہور میں آلودگی کی وجہ سے سانس لینا مشکل ہے اور بچوں اور بوڑھوں کی ذندگیوں کا خطرہ ہے ،انہوں نے کہا کہ 35سال پہلے لاہور ایک صاف ستھراشہر تھا لیکن درختوں کو کاٹنے کی وجہ سے یہ نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے ۔ گزشتہ دس سال میں 70 فیصد درخت کاٹے گئے ، ہم نے دریاؤں کے پانی میں سیوریج کا پانی شامل کردیا ۔وزیراعظم نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے اثرات بہت د یر میں پتہ چلتے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ اگرچہ ہم نے صاف ستھرا اور سبز پاکستان کا آغاز کرنے کا اقدام اٹھایا ہے لیکن صرف حکومت ہی سب کچھ نہیں کر سکتی اور ہمیں اپنے طلباء کے تعاون کی ضرورت ہے۔ میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ طلباء کی شرکت کے بغیر شوکت خانم ہسپتال ممکن نہیں تھا۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا بہترین بلدیاتی نظام لا رہے ہیں ، نئے نظام سے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کریں گے ۔ سندھ نے بھی اگر ترقی کرنی ہے تو ان کو ہمارا بلدیاتی نظام اپنانا ہوگا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ خوشی ہے کہ آہستہ آہستہ لوگ ٹیکس دینا شروع ہوگئے ہیں ۔جیسے جیسے پیسہ آئےگا اسے ہم لوگوں پر خرچ کریں گے ۔