کوروناوائرس میں مبتلا وکیل کو سپریم کورٹ سے باہر نکال دیا گیا

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمدنے کورونا وائرس میں مبتلا وکیل کو پیش ہونے پر عدالت سے باہر جانے کی ہدایت کردی ،کوروناوائرس سے متاثرہ وکیل بیرسٹر ڈاکٹر عدنان خان ، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی عدالت میں پیش ہو گیا۔ وکیل کی جانب سے کوروناوائرس کا شکار ہونے کے انکشاف پر کمرہ عدالت میں کھلبلی مچ گئی۔ وکیل نے پیش ہو کر بتایا کہ مجھے کورونا ہے اس کے باوجود عدالت میں پیش ہو رہا ہوں۔ وکیل کی جانب سے انکشاف اس وقت کیا گیا جب چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ ورکرز ویلفیئر فنڈ اور دیگر ملازمین کے حوالہ سے کیس سن رہا تھا۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے کوروناوائرس سے متاثرہ وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو کوروناہے تو آپ عدالت میں کیوں پیش ہوئے ہیں ، آپ دوسرے لوگوں کی زندگیوں سے بھی کھیل رہے ہیں۔ اس پر متاثرہ وکیل کا کہنا تھا کہ تین روز قبل میں نے ایک دوسرے بینچ میں کوروناوائرس کی رپورٹ جمع کروائی لیکن میرے کیس کو ملتوی نہیں کیا گیاتھااور میری درخواست خارج کر دی گئی تھی، آج بھی بہت اہم کیس تھا اور میں نہیں چاہتا تھا کہ میرے مئوکلان کا نقصان ہو اور سوات سے گاڑی چلا کر یہاں آیا ہوں ۔ اس پر چیف جسٹس نے وکیل سے کہا کہ آپ دوسروں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں، آپ فوری طور پر عدالت سے چلے جائیں اور جو بھی دلائل ہیں وہ تحریری طور پر عدالت بھجوادیں۔ اس کے بعد کوروناوائرس سے متاثرہ وکیل کو فوری طور پر سپریم کورٹ آف پاکستان سے باہر نکال دیا گیا۔