کبھی نہیں سوچا میری مرضی کا آرمی چیف ہو، ہمیشہ میرٹ پر فیصلے کا سوچا: عمران خان
سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کبھی نہیں سوچا میری مرضی کا آرمی چیف ہو بلکہ ہمیشہ سوچا کہ میرٹ پر فیصلہ ہو۔نجی ٹی وی کو انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھاکہ میں قوم کے لیے راولپنڈی جارہا ہوں اور قوم میرے لیے آئے گی، پاکستان کو آزاد، خوددار اور دنیا میں مثال والی قوم بننا چاہیے، گورے کے سامنے سیاستدان ایسے کھڑے ہوتے دیکھ کر شرم آتی ہے، ہم امریکا کی جنگ بھی لڑ رہے تھے اور گالیاں بھی ان کی کھا رہے تھے۔ان کا کہنا تھاکہ انصاف کا نظام اور عدالتیں انسان کو حقوق دیتے ہیں، ادارے اپنی عزت خود بناتے ہیں ان کے فیصلوں سے عزت بنتی ہے، انصاف کا نظام انسان کو آزاد کرتا ہے، قوم اپنے فیصلے خود کرے کوئی ہمیں باہر سے ڈیکٹیشن نہ دے، سب کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان فیصلہ کن موڑ پر آچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا کی وجہ سے لوگوں میں شعور آچکا ہے، بار بار کہتا ہوں کہ ملک بھی میرا ہے فوج بھی میری ہے، کچھ لوگ ہیں جو چاہتے ہیں ہماری فوج سے لڑائی ہو، ادارے میں اچھے برے لوگ ہوتے ہیں، یہ کیا بات ہوئی ادارے کے خلاف ہیں، نہ اپنا جج لگانے کی کوشش کی ہے نہ آئی جی، نہ نیب اور نہ ایف آئی اے کا ہیڈ۔