کراچی پولیس نے ایدھی سینٹر میں ڈکیتی کی واردات کرنے والے ایک ڈاکو کو گرفتار کر لیا کٹی پہاڑی کے علاقے سے بائیس مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
کورنگی زمان ٹاؤن میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایدھی سینٹر میں ڈکیتی کی واردات میں ملوث اہم ملزم مظہر عرف اکو کو گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم کے قبضے سے غیرملکی کرنسی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ اِدھر دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری نے کٹی پہاڑی کا محاصرہ کر لیا۔ پولیس اہلکار دروازے توڑ کر گھروں کے اندر داخل ہو گئے اور بائیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ دوسری طرف اورنگی ٹاؤن کے علاقے فرنٹئیر کالونی میں بھی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بارہ مشتبہ افراد کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا۔ ایس ایس پی ویسٹ زون کا کہنا ہے کہ حراست میں لئے گئے افراد کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ اِدھر رات گئے بلدیہ میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ جبکہ بلدیہ اور کورنگی میں فائرنگ سے دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔۔