کراچی سمیت سندھ بھر میں محرم الحرام کے سلسلے میں امن و امان کے قیام کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں سندھ پولیس نے پاک فوج کو سٹینڈ بائی رکھنے کی درخواست کی ہے۔۔

محرم الحرام کے دوران شہرقائد کی چھ سو پچاس سے زائد امام بارگاہوں اور نو سو سے زائد مقامات پر مجالس عزا ہونگی اس سلسلے میں سیکیورٹی کے انتظامات ابوالحسن ،ابوتراب،پاک حیدری،العباس،امامیہ ،غازی ،وحدت و دیگر اسکاوٹس اور رضاکار تنظیمیں سنبھالیں گی پولیس ااور رینجرز اسکاوٹس کی معاونت کریں گے۔ دوسری طرف ایڈیشنل آئی جی آپریشنز نے محکمہ داخلہ سندھ کو ایک درخواست ارسال کی ہے۔ سیکرٹری داخلہ کو بھجوائے گئے مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں کو محرم الحرام کے دوران اسٹینڈ بائی رکھا جائے۔ ضرورت پڑنے پر ہی پاک فوج کے جوانوں کی مدد حاصل کی جائے گی۔ سندھ پولیس نے کراچی کے تین زونز میں پاک فوج کی موجودگی پر زور دیا ہے۔ ساؤتھ زون میں 900 فوجی جوان فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ سندھ پولیس نے ایسٹ زون میں چار کمپنیاں اور ویسٹ میں تین کمپنیاں دینے کی درخواست کی ہے۔ مراسلے میں مزید لکھا گیا ہے کہ سندھ کے دیگر اضلاع حیدر آباد، لاڑکانہ اور سکھر میں بھی پاک فوج کی مدد درکار ہے، حیدرآباد میں ایک کمپنی، ضلع دادو میں پچاس، لاڑکانہ میں چار سو فوجی جوان فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ محرم الحرام کے دوران سکھر میں پاک فوج کی پانچ کمپنیوں کی مدد مانگی گئی ہے۔