کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے والے شفافیت کا لیکچر دینے سے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پھر سیاسی حریفوں کو آڑھے ہاتھوں لیا، ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت ملک کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کے ایجنڈے کو مشن سمجھ کرآگے بڑھارہی ہے، تاہم بعض سیاسی عناصرنے ترقی و خوشحالی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کیں جس میں دھرنا گروپ پیش پیش رہا، دھرنا گروپ کی عوام دشمن پالیسیاں پوری قوم کے سامنے آشکار ہوچکی ہیں، عوام کی ترقی کے ان مخالفین کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، انہوں نے کہا کہ ماضی میں قومی وسائل پر ڈاکے ڈالے گئے، ہمارے دور میں منصوبے شفاف انداز میں ریکارڈ مدت میں مکمل ہوئے ہیں، سابق ڈکٹیٹر کے حواریوں نے پنجاب بینک پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالا، شہباز شریف نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں توانائی منصوبوں کے نام پر قوم سے گھناؤنا کھیل کھیلا، دھرنوں اورلاک ڈاؤن کے ذریعے ملک کی ترقی اور خوشحالی کیخلاف ساز ش کی گئی، ان تمام عناصر نے پاکستان کو تباہ و برباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، ماضی میں کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے والے شفافیت کا لیکچر دینے سے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا دامن کرپشن سے پاک ہے،، مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے سواچاربرس شفافیت، خدمت اور دیانت کا منہ بولتا ثبوت ہیں