ماضی میں ایک شخص جیل میں مچھر کے کاٹنے سے روتا تھا:چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو
زرداری ہاﺅس اسلام آباد میں پیپلزپارٹی راولپنڈی ڈویژن کے عہدیداروں اور ٹکٹ ہولڈروں کے اہم اجلاس سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ دن گئے جب انتخابات کے نتائج چوری کیے جاتے تھے۔ اب نتائج چوری ہونے دینگے نہ آر اوز من مانی کرسکیں گے۔ ماضی میں ایک شخص جیل میں مچھر کے کاٹنے سے روتا تھا۔ آج ایک شخص مچھر کے کاٹنے کے ڈر سے کے پی نہیں جاتا۔ ایسے لوگ ہمارا کیا مقابلہ کر سکتے ہیں جو مچھر سے ڈر جاتے ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ آصف زرداری نے انیس سو تہتر کے آئین کو بحال کرکے شہید محترمہ کا مشن مکمل کیا۔ پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکن جیل سے ڈرے نہ پھانسیوں سے گھبرائے اور نہ ہی آمریت کے سامنے جھکے۔ ہم ایسے معاشرے کیلیے جدوجہد کر رہے ہیں جہاں خواتین کی عزت ہو۔ غریب خوشحال ہوں، جہالت کا خاتمہ ہو، ہمیں ہر طرح کی شدت پسندی کو مٹانا ہے۔ اس موقع پر پارٹی عہدیداروں اور ٹکٹ ہولڈروں نے تیس نومبر کو یوم تاسیس شایان شان منانے کیلیے تجاویز بھی دیں۔