وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب اور این آراو نہ دینے کے بیان پرنوازشریف کا ردعمل دینے سے گریز
نوازشریف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کیلئے جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد پہنچے جہاں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نےانکا استقبال کیا، سماعت سے قبل کمرہ عدالت میں صحافیوں نے نوازشریف سے سعودی امداد اور این آراو سے متعلق وزیراعظم عمران خان کے سخت موقف سے متعلق سوالات کیے، تاہم نوازشریف نے ردعمل دینے سے گریزکیا اورکہا کہ ٹیلی ویژن نہیں دیکھا اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا،نواز شریف کی سیاسی معاملات پر چپ نے مریم اورنگزیب کو بولنے پر مجبور کر دیا۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا عمران خان جس کنٹینر کی بات کر رہے ہیں، اس کی ضرورت جلد انہیں ہی پڑے گی۔ انہوں نے سوال کیا این آر کون مانگ رہا، رہنما تو عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی حالت کے ذمے دار وفاقی کابینہ اور وزیراعظم عمران خان ہیں۔ مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کو آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کا بیان یاد دلایا اور عالمی مالیاتی فنڈ سے رجوع کرنے پر معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا۔ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہم لوگوں نے بجلی کے بل جلانے کی بات نہیں کی، عوام کی بہتری کی خاطر ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔