ملک میں جتنی زیادہ سرمایہ کاری ہو گی اتنے روزگار کے مواقع ملیں گے۔ ہمارا مقصد اپنے لوگوں کو غربت سے نکالنا ہے,وزیراعظم عمران خان
اسلام آباد میں پاک چین گلاس مینوفیکچرنگ کمپلیکس کا افتتاح ہو گیا ہے جس میں وزیراعظم عمران خان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم چین جا رہے ہیں، جیسے جیسے ہمارا سی پیک کے ذریعے چین سے رشتہ بڑھتا جائے گا ویسے ویسے ملک میں بہتری آتی جائے گی، سی پیک پاکستان اور چین میں اچھے تعلقات قائم کرنے کی بنیاد بنے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ جو لوگ نوکریوں کے لیے ملک سے باہر جاتے ہیں وہ سب پاکستان واپس آئیں گے۔ ان کا بہت بڑا مقصد ملک میں پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر ہے۔ اس کے لیے وہ سرمایہ کاری لے کر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے پاس گھر بنانے کے لیے پیسے موجود نہیں ان کے لیے یہ ایک بہت فائدہ مند منصوبہ ثابت ہو گا کیونکہ اس میں ہر کوئی قسطوں میں پیسے جمع کرا سکے گا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، ہماری حکومت سرمایہ کاروں کے راستے میں تمام رکاوٹوں کو دور کرے گی۔ چین کیساتھ تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، مشترکہ منصوبوں سے بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا۔