سعودی عرب کی فوج دنیا کی سب سے بڑی بحری مشقوں میں شرکت کرے گی۔
سعودی وزارت دفاع نے امریکا کے زیر قیادت کثیر القومی بحری مشقوں میں اپنی شرکت کا اعلان کیا ہے۔ مشقوں کا مقصد خلیج میں جہاز رانی اور سمندری تجارت کی آزادی کو درپیش خطرات دور کرنا ہے۔ سعودی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سعودی رائل نیوی 27 اکتوبر سے شروع ہونے والی دنیا کی سب سے بڑی بحری مشقوں میں شریک ہو رہی ہے۔ یہ امریکی مرکزی بحریہ کی قیادت میں منعقد ہونے والی کثیر القومی بین الاقوامی بحری مشق(IMX 19) ہے۔ خلیجِ عربی کے شمال، خلیجِ عمان، بحرِ عرب، جیبوتی کے ساحل اور خلیجِ عقبہ میں ہونے والی مشقوں میں 56 ممالک اور 6 بین الاقوامی تنظیمیں شریک ہوں گی۔
اسے دنیا بھر میں جامع ترین مشق شمار کیا جاتا ہے۔ اس کے مقاصد میں شریک فورسز کے درمیان تعلقات مضبوط بنانا، مشترکہ کام کے ماحول کی اہلیت پیدا کرنا اور بحری سیکورٹی کی کارروائیوں کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔ اس طرح اُن خطرات کو دور کیا جا سکے گا جو جہاز رانی کی آزادی کے لیے سنگین چیلنج کی صورت اختیار کر چکے ہیں۔