وزیر اعظم عمران خان 28 اکتوبر کو ننکانہ صاحب میں بابا گرو ناننک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے: وزیر داخلہ اعجاز شاہ
وزیر اعظم عمران خان 28 اکتوبر کو ننکانہ صاحب میں بابا گرو ناننک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ یہ یونیورسٹی اپنی نوعیت کی پہلی یونیورسٹی ہو گی جس میں پنجابی زبان اور خالصہ کے شعبوں پر مخصوص توجہ دی جائیگی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے اس حوالے سے کہا کہ تمام جدید سہولیات سے بھر پور اس یونیورسٹی کو مذہبی ہم آہنگی، ثقافتی ترقی اور پیشہ وارانہ تربیت کے لحاظ سے بہترین مثال بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب بابا گرونانک کی جائے پیدائش ہونے کی وجہ سے دنیا بھر کے سکھوں کے لئے بے حد عقیدت اور اہمیت کا حامل ہے، اسی بات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے گرو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب اور پورے پاکستان میں مذہبی سیاحت کے فروغ کے لئے بھی کام کرے گی۔ گرو نانک یونیورسٹی قومی و بین الاقوامی سکھ برادری کے لئے کمیونٹی سینٹر کے طور پر کام کرے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم کا اس یو نیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کے لئے آنا نہ صرف ننکانہ صاحب کے باسیوں کے لئے بلکہ تمام قوم کے لئے باعث فخر ہے، وزیراعظم عمران خان کا پاکستان میں اقلیتوں کے تحفظ اور فروغ کے لئے کام قابل تعریف ہے، مذہبی ہم آہنگی اور پر امن قوم ہونے کا یہ منہ بولتا ثبوت ہے، اس قدم کے ذریعے ننکانہ صاحب کو سیاحت کے حوالے سے بین الاقوامی معیار پر لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گرو نانک یونیورسٹی کے علاوہ ننکانہ صاحب میں مزید ترقیاتی کاموں کا بھی آغاز ہو رہا ہے۔ اس سب کے علاوہ بابا گرو نانک کے 550 ویں یوم پیدائش کی تقریبات اپنی مثال آپ ہونگی۔