بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دے: وزیر اعظم عمران خان
ریاض: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دے۔سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سعودی وزارت تجارت کی جانب سے سمپوزیم منعقد کیا گیا جس میں سعودی عرب اور پاکستان کی مختلف کمپنیوں کے نمائندوں سمیت بڑے کاروباری افراد نے شرکت کی جبکہ سعودی وزیر تجارت خالد الفالح کے علاوہ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشئیر خزانہ شوکت ترین اور وزیر توانائی حماد اظہر بھی شریک تھے۔سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان مشکل وقت کے ساتھی ہیں۔ دونوں کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں۔ پاکستان کے اندر سعودی عرب کے سرمایہ کاروں سمیت دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کے لئے وسیع مواقعے موجود ہیں۔ پاکستان دنیا کی دو بڑی مارکیٹ بھارت اور چین کے درمیان واقع ہے جو اسکی جغرافیائی اہمیت کو بڑھاتا ہے۔ اس لئے بھارت کو چاہئے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرے تاکہ خطے میں امن ہو اور تجارت کو فروغ مل سکے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا پاکستان بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے اور بھارت کے ساتھ کرکٹ کو بھی آگے بڑھانا چاہتا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف پاکستان نے تاریخی فتح حاصل کی ہے۔
سمپوزیم سے سعودی وزارت تجارت کے وزیر خالد الفالح نے کہا کہ پاک سعودی تجارتی مراسم نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے ہاں سرمایہ کاری کو فروغ دے رہے ہیں۔مشئیر خزانہ شوکت ترین اور وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے بھی پاک سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے خطاب کیا اور بتایا کہ پاکستان میں گوادر سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے۔