ہمارا مطالبہ ہے کہ اڑی میں بھارتی فوجی اڈے پر حملے کی بین الاقوامی تحقیقات کرائی جائیں :مشیر خارجہ سرتاج عزیز
برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو کے دوان مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ بھارت کسی بھی حملے کے بعد ہمیشہ تحقیقات بعد میں اور پاکستان پر الزامات پہلے لگاتا ہے، یہ پہلا موقع نہیں جب بھارت نے پاکستان پر الزام عائد کیا ہو، انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ اڑی میں بھارتی فوجی اڈے پر حملے کی بین الاقوامی تحقیقات کرائی جائیں، تاکہ غیرجانبدارنہ تفتیش ہو سکے۔۔۔ مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جس علاقے میں حملہ ہوا وہاں بھارتی فوج کی اتنی بڑی تعداد تعینات ہے کہ کسی قسم کی دراندازی ناممکن ہے، کشمیرمیں اس وقت آزادی کی تحریک چل رہی ہے، اس طرح کے حملے سے پاکستان اور کشمیر کا کوئی فائدہ نہیں، صرف بھارت کا ہے، حملے سے کشمیر میں کی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹتی ہے، بھارت نے ممبئی حملوں کا الزام بھی پاکستان پر لگایا لیکن ثبوت فراہم نہیں کئے گئے، پٹھان کوٹ میں بھی کچھ یہی صورتحال رہی. دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی قیادت کے پاکستان پر الزامات قابل مذمت اور مقبوضہ کشمیر میں ظالمانہ کارروائیاں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں، ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت نےکشمیری رہنمابرہان وانی کاماورائےعدالت قتل کیا، جبکہ پاکستان میں بھی دہشت گردوں کی سرپرستی اورمعاونت کررہا ہے، کلبھوشن کےاعترافی بیانات بھارتی سرپرستی کاثبوت ہیں۔