پنجاب میں نرسز کے سروس اسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری
پنجاب میں نرسوں کے سروس سٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دے دی گئی ۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں نرسنگ کیڈر کی بہتری کے لیے متعدد اقدامات کی اصولی منظوری دی گئی اور نرسوں کی ترقیوں کے امور کو سٹریم لائن کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔نرسنگ کے شعبہ میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے لیے ا سکالر شپ دینے کی بھی منظوری دی گئی۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ نرسنگ سکولز کو نرسنگ کالجوں میں اپ گریڈ کیا جائے گا جبکہ نرسنگ کالجز کے ساتھ ہاسٹل بھی بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نرسوں کو سکالر شپ پر بیرون ملک بھجوائیں گے اور جلد ہی نرسوں کے لیے بڑے پیکج کا اعلان بھی کریں گے۔ نرسنگ کے شعبہ کی بہتری کے لیے ضروری اقدامات اٹھائیں گے اور نرسوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ 50 لاکھ سے زائد قومی صحت کارڈ مستحق افراد میں تقسیم کرچکے ہیں، قومی صحت کارڈ کا دائرہ کار مرحلہ وار مزید بڑھائیں گے۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے لیے بزنس پلان جلد تیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر جتنی جلدی ہو سکے حتمی سفارشات پیش کریں، ادارے کو متحرک انداز میں چلانے کے لیے تمام آپشن سامنے رکھ کر فیصلے کیے جائیں۔