کراچی: ویکسینیشن نہ لگوانے والوں کیخلاف کارروائی شروع، سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر 33افراد گرفتار
کراچی پولیس نے کورونا ویکسین نہ لگانے والے شہریوں کے خلاف کارروائی شروع کرتے ہوئے کووڈ-19 ویکسینیشن سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر 33 افراد کو گرفتار کر لیا۔ایک بیان میں سندھ پولیس کی ترجمان شازیہ جہاں نے کہا کہ کراچی کے ضلع شرقی میں 33 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 18 مقدمات درج کیے گئے۔سندھ حکومت کی جانب سے اس حوالے سے احکامات جاری ہونے کے بعد گرفتاریاں کی گئیں، صوبے کے چیف سیکریٹری نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اہلکار ویکسینیشن کارڈ چیک کرنے میں دلچسپی نہیں لے رہے۔