سیاسی جماعتوں کو حکومت کے خلاف میدان میں آنا چاہئے۔ رانا ثناء اللہ
مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو حکومت کے خلاف میدان میں آنا چاہئے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے خلاف جعلی کارروائیاں کرنے میں مصروف ہے، حکومت نے ملک کو ترقی پذیر بنانے کے بجائے زوال پذیر بنا دیا، غریب عوام کیلئے روٹی کا حصول مشکل ہوگیا۔ تمام سیاسی جماعتوں کو حکومت کے خلاف میدان میں آنا چاہئے، کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں دھاندلی ہوئی، انتخابات کے دوران ہر حلقے میں ترقیاتی کام ہوتے رہے، حکومت نے بھرپور طریقے سے اپنے امیدواروں کو کنٹونمنٹ بورڈ میں ترقیاتی فنڈز دیئے۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی الیکشن سے سیاسی اثرات اس طرح سے مرتب نہیں ہوتے جیسے عام انتخابات میں ہوتے ہیں، حکومت کیلئے بلدیاتی انتخابات جیتنا مشکل ہوگا، حکومت ہار کے ڈر سے جلد بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2 روز قبل وزیر داخلہ اور وزیر اطلاعات کہہ رہے تھے کہ بھارت کی وجہ سے نیوزی لینڈ ٹیم واپس گئی، اگر بھارت اتنا طاقتور ہے کہ اس کی وجہ سے کوئی غیر ملکی ٹیم ہمارے ساتھ کرکٹ کھیلنے کیلئے تیار نہیں تو حکومت کیا کر رہی ہے۔ انہوںنے مزید کہا کہ جاوید لطیف سے پارٹی نے پوچھا ہے کہ انہوں نے بات کس سیاق و سباق میں کی، امید ہے جاوید لطیف جلد اپنا جواب پارٹی کو جمع کرا دیں گے۔