ایمنسٹی انٹرنیشنل کاسعودی عرب سے حماس کے سابق مندوب کی رہائی کا مطالبہ
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سعودی عرب سے حماس کے سابق مندوب کی رہائی کا مطالبہ کردیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سعودی بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاض کی ایک جیل میں پابند سلاسل اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سابق مندوب ڈاکٹر محمد الخضری اور ان کے بیٹے ہانی الخضر کو رہا کریں۔تنظیم نے محمد الخضری اور دیگر قیدیوں کی رہائی کے لیے ایک آن لائن مہم کا
آغاز کیا۔ اس مہم میں سعودی بادشاہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ڈاکٹر الخضری کو فوری طور پر رہا کریں تاکہ انہیں ہسپتال منتقل کیا جاسکے۔ عالمی تنظیم کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر محمد الخضری کو فوری طبی امداد کی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کے بیٹے ہانی الخضری کو بھی بغیر کسی ثبوت کے جیل میں ڈالا گیا ۔ ان دونوں کے خلاف عائد مقدمہ ختم کرکے انہیں فوری طورپر رہا کیا جائے۔تنظیم کے ایک بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ الخضری ریاض میں ایک جیل میں قید ہیں جہاں ان کی حالت خراب ہے۔ انہیں فوری طبی امداد کی ضرورت ہے جس کے لیے انہیں جیل سے رہا کیا جانا اور ہسپتال لے جانا ناگزیر ہے۔