وزیر اعظم نے جرات کیساتھ بھارت کی بطور ریاست دہشتگردی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔ہمایوں اخترخان
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوںاختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے ایک مدبر اور وژن رکھنے والے لیڈر کے طور پر جراتمندانہ اور پراثر خطاب کیا جس کی پوری دنیا ستائش کررہی ہے ،وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میںافغانستان کی صورتحال،پاک بھارت تعلقات،مسئلہ کشمیر،اسلامو فوبیا،منی لانڈرنگ اورکورونا وباء کوموضوع بنا کر صرف مسائل کی نشاندہی نہیں کی بلکہ مذکورہ معاملات کا حل بھی پیش کیا ہے ۔اپنے ایک بیان میں ہمایوں اخترخان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے عالمی سطح کے پلیٹ فارمز پر ہمیشہ موثر اور جامع خطاب کر کے دنیا کو یہ سوچنے پرمجبور کیا ہے پاکستان جن حالات اور معاملات کا تذکرہ کر رہا ہے وہ واقعی زیر غور لانے کے قابل اور حل طلب ہیں اور دنیا کی ترقی اور امن ان سے جڑا ہوا ہے۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ دور میں افغانستان کا معاملہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور وزیر اعظم عمران نے دنیا کو باور کرایا ہے کہ کس طرح پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں80 ہزار جانوںکی قربانی دی اور ہماری معیشت کو 150 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، پاکستان میں 35 لاکھ افراد بے گھر ہوئے ،آج بھی لاکھوں افغان پناہ گزین پاکستان میں قیام پذیر ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے انتہائی جرات اوربہادری کے ساتھ بھارت کی بطور ریاست دہشتگردی کو بھی دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ہے کیا ماضی میں ایسی کوئی مثال موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حزب اختلاف سے وزیر اعظم کے خطاب پرپر پذیرائی کے کسی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں کیونکہ عوام جانتے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کا مقدمہ انتہائی دلیری کے سامنے اقوام عالم کے سامنے پیش کیا ہے ۔