مقبوضہ جموں و کشمیر میں یکطرفہ بھارتی اقدامات عالمی امن کیلئے خطرہ ہیں۔شاہ محمودقریشی
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں اٹھائے گئے یکطرفہ بھارتی اقدامات، علاقائی و بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ ہندوستان، اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کو پس پشت ڈالتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے میں مصروف ہے۔ ہمیں توقع ہے کہ اقوام متحدہ، اپنی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کو ان کے جائز حق، حق خود ارادیت کے حصول کی دستیابی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ عالمی برادری افغانستان کو فوری انسانی و مالی مدد کی فراہمی اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے فوری اقدام اٹھائے جبکہ شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان میں کئی دہائیوں سے جاری جنگ و جدل کے خاتمے اور افغانستان کی تعمیر نو کیلئے، افغانوں کی انسانی و معاشی مدد کیلئے آگے بڑھے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے76ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق یہ ملاقات اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز ہوئی۔ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی مخدوش صورتحال سے آگاہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں اٹھائے گئے یکطرفہ بھارتی اقدامات، علاقائی و بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل کو ایک جامع ڈوزیئر پیش کیا جس میں انسانی حقوق کی سنگین، منظم اور وسیع پیمانے پر خلاف ورزیوں، جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور بھارتی قابض افواج کی جانب سے کی جانے والی نسل کشی کی تفصیلات شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان، اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کو پس پشت ڈالتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے میں مصروف ہے۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرانے، 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کی واپسی اور کشمیریوں کو ان کے جائز حق حق خود ارادیت کے حصول کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی برادری افغانستان کو فوری انسانی و مالی مدد کی فراہمی اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے فوری اقدام اٹھائے، ہم اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے افغانستان کی انسانی صورت حال کے بارے میں 13 ستمبر کو بلائے گئے اعلی سطح کے وزارتی اجلاس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل کو اقوام متحدہ اور بین الاقوامی عملے کے کابل سے محفوظ انخلا اور نقل مکانی میں پاکستان کی معاونت سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے افغانستان کیلئے فضائی اور زمینی راستوں سے بھجوائی گئی امداد اور امدادی سامان کی ترسیل کیلئے انسانی راہداری کے قیام سے متعلق سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا۔ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے بڑھتی ہوئی عدم برداشت ، امتیازی رویوں اور اسلامو فوبیا کے رحجان کو روکنے کیلئے موثر اقدام اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے کورونا ویکسین کی عدم مساوات کے خاتمے اور ترقی پذیر ممالک کے لیے مناسب مالی اعانت کو یقینی بنانے پر زور دیا تاکہ وہ وبائی امراض اور ان کے معاشی مضمرات سے نمٹنے کے متحمل ہو سکیںجبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدرر عبداللہ شاہدسے ملاقات کی جس میں انہوں نے جنرل اسمبلی کے صدر کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کے شواہد پر مشتمل ڈوزیئر پیش کیا اور افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کے لئے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا ۔ وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس کے موقع پر صدر جنرل اسمبلی عبداللہ شاہد سے ملاقات کی یہ ملاقات اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز نیویارک میں صدر جنرل اسمبلی کے چیمبر میں ہوئی۔وزیر خارجہ نے صدر جنرل اسمبلی کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس اہم دفتر میں آپ کی موجودگی سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے میں شامل اہم مسائل پر پیش رفت میں مددملے گی۔ وزیر خارجہ نے صدر جنرل اسمبلی کو مقبوضہ جموں و کشمیر (آئی آئی او جے کے)میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں سے آگاہ کیا ۔وزیر خارجہ نے صدر جنرل اسمبلی کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں، بھارتی قابض افواج کی جانب سے منظم اور وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کے شواہد پر مشتمل جامع ڈوزیئر پیش کیا، ہمیں توقع ہے کہ اقوام متحدہ، اپنی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کو ان کے جائز حق، حق خود ارادیت کے حصول کی دستیابی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں شدید انسانی بحران کے ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے ہنگامی معاونت کی ضرورت پر زور دیا ۔وزیر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان میں کئی دہائیوں سے جاری جنگ و جدل کے خاتمے اور افغانستان کی تعمیر نو کیلئے، افغانوں کی انسانی و معاشی مدد کیلئے آگے بڑھے۔وزیر خارجہ نے صدر جنرل اسمبلی کو، افغانستان میں انسانی ہمدردی کے تحت بھجوائی گئی انسانی امداد اور افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول کے لیے پاکستان کی طرف سے جاری کوششوں سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کو دنیا کو درپیش متعدد چیلنجز سے نمٹنے کے لیے زیادہ نمائندہ ، جمہوری ، شفاف ،موثر اور جوابدہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی اصلاحات کا فیصلہ اتفاق رائے سے ہونا چاہئے، مخدوم شاہ محمود قریشی اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر کو روکنے،ویکسین کی عدم مساوات کے خاتمے اور ترقی پذیر ممالک کو وبائی امراض اور اس کے نتیجے میں سامنے آنے والے معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے مناسب مالی اعانت کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔