غیر شرعی نکاح کیس:اٹک جیل حکام نے چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش کرنے سے معذرت کر لی۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین کے ترجمانِ قانونی امور نعیم حیدر پنجوتھا نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش کرنے سے معذرت بہانہ ہے۔ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم کی اسلام آباد کچہری میں پیشی سے متعلق اٹک جیل حکام سے بات کی ہے۔ نعیم پنجوتھا نے کہا ہے کہ اٹک جیل حکام کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو کچہری میں پیش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ اٹک جیل حکام نے بتایا سیکیورٹی خدشات پر چیئرمین پی ٹی آئی کو کچہری نہیں لا سکتے، یہ تمام بہانے ہیں، دراصل سابق وزیرِ اعظم کی تصویر کا ڈر ہے۔واضح رہے کہ اٹک جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے غیر شرعی نکاح کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش کرنے سے معذرت کر لی ہے۔جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے عدالت کو خط لکھ کر آگاہ کیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل سے باہر لانا خطرے سے کم نہ ہو گا۔انہوں نے سول جج قدرت اللہ کو خط میں لکھا ہے کہ اٹک سے اسلام آباد کے سفر میں کوئی بھی واقعہ پیش آ سکتا ہے۔