صحافی عمران ریاض بازیاب ہو کر گھر پہنچ گئے۔
صحافی اور یوٹیوبر عمران ریاض خان بازیاب ہو کر گھر پہنچ گئے۔سیالکوٹ پولیس نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے پوسٹ کی ہے کہ عمران ریاض بازیاب ہو کر اپنے گھر پہنچ چکے ہیں۔ڈی پی او سیالکوٹ حسن اقبال کا کہنا ہے کہ صحافی عمران ریاض خان بازیاب ہوکر بحفاظت اپنے گھر پہنچ گئے ہیں، وہ اس وقت اپنی فیملی کے ساتھ ہیں۔وکیل میاں علی اشفاق نے ان کی رہائی کی تصدیق کی ہے۔ میاں علی اشفاق نے دعوی کیا کہ کمزور عدلیہ کہ وجہ سے عمران ریاض کی رہائی میں تاخیر ہوئی۔ پولیس اور میاں اشفاق دونوں نے ہی شوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس(سابقہ ٹویٹر)پر بیانات جاری کیے۔پی ٹی آئی کے آفیشنل ٹوئٹر ہینڈل سے بھی عمران ریاض کی رہائی کی تصدیق کی گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ عمران ریاض کی صحت نسبتا اچھی ہے۔خیال رہے کہ ایف آئی اے کی ٹیم نے رواں سال فروری میں عمران ریاض خان کو لاہور سے دبئی جاتے ہوئے گرفتار کیا تھا، عمران ریاض خان کو متنازع بیان دینے پر گرفتار کیا گیا تھا۔اس سے پہلے بھی جولائی 2022 میں امیگریشن حکام نے ضمانت پر رہا اینکر عمران ریاض خان کو لاہور سے دبئی جانے کی کوشش پر آف لوڈ کر دیا تھا۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق اینکر عمران ریاض نے لاہور ائیرپورٹ سے دبئی جانے کی کوشش کی تاہم نام بلیک لسٹ میں ہونے پر انہیں آف لوڈ کر کے واپس گھر بھجوا دیا گیا تھا۔