آسٹریلوی آل راﺅنڈر مچل مارش کا ٹخنے کی سرجری کا فیصلہ
آسٹریلوی آل راﺅنڈر مچل مارش نے ٹخنے کی سرجری کرانے کا فیصلہ کر لیا جس کے باعث وہ انگلش کاﺅنٹی سیزن کے ابتدائی میچز میں سرے کلب کو دستیاب نہیں ہوں گے، ستمبر اکتوبر میں پاکستان کے خلاف شیڈول ٹیسٹ سیریز میں شرکت بھی مشکوک ہو گئی۔ مچل مارش آسٹریلوی ٹیم میں واپسی کے بعد بھرپور فارم میں ہیں، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں ان کی بیٹنگ اوسط 45 رہی لیکن انجری کے باعث انہیں ایک مرتبہ پھر کرکٹ میدانوں سے دور رہنا پڑے گا۔ 26 سالہ آسٹریلوی آل راﺅنڈر نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈاکٹرز نے طبی معائنے کے بعد انہیں فوری طور پر ٹخنے کی سرجری کا مشورہ دیا ہے جس کی وجہ سے وہ کاﺅنٹی سیزن کے ابتدائی میچز نہیں کھیل سکیں گے، بلاشبہ یہ میرے لئے مایوس کن ہے لیکن میں سو فیصد فٹنس حاصل کرنے اور جاندار کم بیک کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔