آکسیجن سلنڈرز مہنگے داموں بیچنے والوں سے آہنی ہاتھوں نمٹیں گے۔ فردوس عاشق
وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافے سے ہسپتالوں پردبائو بڑھ رہاہے،ہسپتالوں میں آکسیجن فراہمی کو ہرصورت یقینی بنایا جائیگا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر بیان میں انہوں نے کہا کہ وبائی صورتحال کا ناجائز فائدہ اٹھاکر آکسیجن سلنڈرز مہنگے داموں بیچنے والوں سے آہنی ہاتھوں نمٹیں گے، عوام خدارا ہوش کے ناخن لیں ،ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور اپنی قیمتی زندگیوں کی قدر کریں، عوامی تعاون اشد ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز اور آکسیجن بیڈز کی تعداد فوری بڑھانے کی ہدایات جاری کردیں، مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافے سے ہسپتالوں پردبائو بڑھ رہاہے، متعلقہ محکمہ آکسیجن سپلائی کرنے والی کمپنیز سے مسلسل رابطے میں رہے گا۔