پشاور کے تین بڑے ہسپتالوں پرکورونا کے مریضوں کا بوجھ بڑھ گیا
کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسوں کے باعث پشاورکے تین بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ بڑھ گیا ہے ۔خیبرپختونخوا میں کورونا کے ایکٹیو کیس 14ہزار 7 ہوگئے جبکہ مثبت کیسوں کی شرح 12.4ہوگئی ہے۔محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق پشاور میں کورونا کے سب سے زیادہ 3ہزار 461 ایکٹیو کیس موجود ہیں۔گزشتہ 7 روز میں کورونا کے پھیلائو کی سب سے زیادہ شرح مردان میں 31فیصد ہے۔دیر لوئر میں کورونا پھیلائو کی شرح 29 فیصد، پشاور میں 24فیصد جبکہ ملاکنڈ میں 21فیصد ہے۔ صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کیلئے مجموعی طور 346وینٹی لیٹرز ،303آئی سی یو،1ہزار 323 ایچ ڈی یو بیڈز مختص ہیں جبکہ صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں مجموعی طور پر81افراد وینٹی لیٹرز پر1ہزار71مریض ایچ ڈی یواور 149 افراد آئی سی یو میں زیرعلاج ہیں۔پشاور کے تین بڑے ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کا بوجھ مزید بڑھنے لگا ہے۔لیڈی ریڈنگ ،خیبر ٹیچنگ ہسپتال اورحیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں کورونا مریضوں کیلئے 769 بیڈز مختص ہیں ۔اس وقت تینوں ہسپتالوں میں کوروناکے681 بیڈز پر مریض زیر علاج جبکہ صرف 88 بیڈزخالی رہ گئے ہیں۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق تینوں تدریسی ہسپتالوں میں مجموعی طور پر کورونا کے 66 مریض وینٹی لیٹر پر موجود ہیں تاحال آکسیجن کی کمی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔مریضوں کیلئے ہسپتالوں میں ضرورت کے مطابق آکسیجن وافر مقدار میں موجود ہے۔