ملک کے بیشتر علاقوں میں غیر معمولی درجہ حرارت میں اضافہ کے باعث ہیٹ ویوالرٹ جاری
ملک کے بیشتر علاقوں میں 26اپریل تا2مئی2022کے دوران دن کے درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا امکان ہی جس کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے تمام محکموں کو ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کے زیادہ دباؤ کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں 26اپریل تا2مئی2022کے دوران دن کے درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا امکان ہے۔این ڈی ایم اے نے صوبائی اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور دیگر متعلقہ محکموں کواحتیاطی تدایبر کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ریسکیو محکموں کو ضروری سہولیات جیسا کہ ہیٹ اسٹروک مراکز کو فعال رکھنے کی ہدایت جاری کی ہیں۔ این ڈی ایم اے نے عوام الناس سے گزارش کی ہے کہ بلا ضرورت سورج کی روشنی میں جانے سے گریز کریں۔
کراچی میں گرمی کی شدت میں ہر روز اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے جس کے باعث ہیٹ اسٹروک کے خدشات بڑھنے لگے ہیں۔اس حوالے سے ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ شہریوں کو گرمی سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے زیادہ سے زیادہ پانی پیئے، دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور دھوپ میں نکلتے وقت گیلا تولیا سر پر رکھیں ۔ماہرین کے مطابق گرم موسم میں ہیٹ اسٹروک کے خدشات بڑھ جاتے ہیں لٰہذا اس موسم میں اپنا خیال رکھیں۔