آج پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر احتجاج کرے گی۔
پاکستان تحریک انصاف آج ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر احتجاج کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی غیرملکی فنڈنگ کیس کی سماعت بدھ سے جمعے تک ہوگی، ریڈ زون میں داخلے کے راستے سیل کر دیے گئے، جبکہ ڈی چوک، نادرا چوک کو کنٹینر لگاکر بند کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے،احتجاج پریس کلب یا ایف نائن پارک میں کیا جاسکتا ہے۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کاکہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں سے اپیل ہے کہ ریڈزون میں احتجاج نہ کریں، ریڈزون میں مظاہرے کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی ، قانون ہاتھ میں لینے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی ، ریڈزون کے اندر اور باہر اینٹی رائٹ فورس کے دستے تعینات ہوں گے۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پورا پاکستان چیف الیکشن کمشنر کے جانبدارانہ رویے پر احتجاج کرے گا، الیکشن کمیشن کا کردار ایسا ہونا چاہیے کہ پاکستان کے مفاد کے مطابق ہو۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف نے 26 اپریل کو ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر احتجاج کا اعلان کیا تھا ۔ یہ کال نہ صرف وفاق کے لیے دی گئی ہے بلکہ الیکشن کمیشن کے صوبائی دفاتر کے سامنے بھی تحریک انصاف کی مقامی قیادت احتجاج کرے گی۔ پنجاب میں احتجاجی مظاہرے کی قیادت سابق وزرا ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، میاں اسلم اقبال اور ڈاکٹر مراد راس کریں گے۔