پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے معاملے پر ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے معاملے پر ریڈ زون مین دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔وفاقی پولیس کے مطابق ریڈزون کو جانے والے راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ سیرینا چوک اور مارگلہ روڈ کے علاوہ ریڈزون کو جانیوالے تمام راستے کنٹینر لگا کر بند کردئیے گئے ہیں۔اسکے علاوہ الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر بلاک اور خاردار رکھ کر راستہ بلاک کردیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ پرامن احتجاج تمام شہری کا جمہوری حق ہے جس کا اسلام آباد پولیس احترام کرتی ہے لیکن کسی بھی احتجاجی کارکن کو ریڈزون میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔پولیس کے مطابق اس سلسلہ میں سپریم کورٹ آف پاکستان اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات واضح ہیں ، سیاسی جماعتوں اور شہریوں سے اپیل ہے کہ ریڈ زون میں احتجاج نہ کیا جائے۔پولیس کے بیان کے مطابق امن وامان میں خلل ڈالنے یا قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نےآج دوپہر 12 بجے الیکشن کمیشن پنجاب کے دفتر کے سامنے احتجاج کرنے کی کال دی ہے۔انہوں نے بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن سے منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس کے فیصلے میں تاخیر پر احتجاج کیا جائے گا جو کہ پرامن طور پر کیا جائیگا۔خیال رہے کہ احتجاجی مظاہر ے کی قیادت سابق وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمودالرشید، میاں اسلم اقبال ڈاکٹر مراد راس کریں گے۔یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں موجود منخرف ارکان کے حوالے سے ریفرنسز جمع کرائے ہوئے ہیں۔