جامعہ کراچی کے اندر وین میں دھماکا، غیرملکیوں سمیت 4افراد جاں بحق،متعدد زخمی
کراچی یونیورسٹی میں کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے باہر وین میں دھماکے کے نتیجے میں تین غیرملکی شہریوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی یونیورسٹی میں کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے باہر کھڑی وین میں دھماکا ہوا جس سے گاڑی میں آگ لگ گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق لوگ کیمپس میں سے وین میں آ کر بیٹھے ہی تھے کہ زوردار دھماکا ہو گیا جس کے نتیجے ہائی ایس میں آگ لگ گئی اور وین میں سوار افراد شدید زخمی ہو گئے۔ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ دھماکے کی نوعیت کا تاحال پتہ نہیں چل سکا۔ بعدازاں زخمی ہونے والے چار افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے، جاں بحق ہونے والوں میں وین ڈرائیور اور تین غیر ملکی باشندے شامل ہیں۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے وین میں دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شرقی اور ایس پی شرقی کو فوری جائے وقوع پر پہنچنے کی ہدایت کردی۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ زخمیوں کو فوری ڈا ہسپتال منتقل کیا جائے اور کوشش کی جائے کہ کوئی جانی نقصان نہ ہو۔ وزیراعلی سندھ نے کمشنر کراچی سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کر لی۔