سابق وزیراعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی آئین شکنی میں ملوث ہیں،عمران خان مجھے کیوں نہیں بچایا کی مہم چلا رہے ہیں: بلاول بھٹو
راچی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے پاکستان کے آئین کو توڑا،صدر مملکت، سابق وزیراعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی آئین شکنی میں ملوث ہیں، خان صاحب کی سیاست جھوٹ اور پروپیگنڈے پر مبنی ہے، عمران خان مجھے کیوں نہیں بچایا کی مہم چلا رہے ہیں۔
انہوں نے پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرنے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سی ای سی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک بھر سے نمائندوں سے آن لائن شرکت کی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے کراچی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا واقعہ بلوچ عوام کے حقوق و وفاق پر حملہ، پاکستان کی ترقی کے خلاف سازش ہے، بلوچ نوجوانوں کو کہتے ہیں کہ اپ کے مسائل سے بخوبی واقف اور آگاہ ہیں، چاہتے ہیں کہ بلوچستان میں ترقی ہو، پاکستان کے عوام کو ان کے حقوق دلوائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خلاف ہے، پاکستان کی ترقی کے لیے ہماری فورسز نے بڑی قربانیاں دی ہیں، پاکستان کے ہرمسائل کا حل جمہوریت میں ہے اور ملک کو بحران سے نکالیں گے۔