چین کے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن کا جی ایچ کیو کا دورہ ،آرمی چیف سے ملاقات،مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پر گفتگو
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چین کے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن جنرل ژو کِلیانگ نے اعلی سطح کے وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو کادورہ کیا۔ چینی جنرل نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھول چڑھائے جب کہ چینی جنرل کو گارڈآف آنر بھی پیش کیاگیا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن جنرل ژو کِلیانگ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، دو طرفہ دفاعی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا بعدازاں وفود کے سطح پربھی بات چیت کی گئی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کشمیر سمیت ہر اہم معاملے پر تعاون پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ آرمی چیف اور چینی جنرل کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے جس میں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔چین کے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں جبکہ پاکستان اور پاک فوج کے ساتھ تعلقات میں مزید مضبوطی چاہتے ہیں۔