نارووال سپورٹس سٹی کمپلیکس کیس:ریفرنس دائر نہ ہونے پر سماعت 22ستمبر تک ملتوی
مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس کیس میں ریفرنس دائر نہ ہونے پر اسلام آباد کی احتساب عدالت نے کیس کی سماعت 22 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ بدھ کو احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی، رہنما مسلم لیگ (ن) احسن اقبال اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔دورانِ سماعت قومی احتساب بیورو (نیب )کی جانب سے احسن اقبال کے خلاف ریفرنس دائر نہ کیا جا سکا۔احسن اقبال کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ احسن اقبال کو نیب نے گرفتار کیا لیکن تاحال ریفرنس دائر نہ کر سکا۔ انہوں نے کہا کہ احسن اقبال کا جسمانی ریمانڈ بھی لیا گیا، انہیں جیل بھی بھجوایا گیا مگر ان کے خلاف ریفرنس دائر نہ ہوا۔وکیل نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب کیس میں اب تک ریفرنس دائر نہ کرنے کی وضاحت نہیں کر سکے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیب لوگوں کو گرفتار کر رہا ہے، ان پر ایک تلوار لٹکی ہوئی ہے، ایسا نہیں ہونا چاہئے۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ریفرنس کا ڈرافٹ منظوری کے لیے نیب ہیڈ کوارٹرز کو بھجوا دیا گیا ۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کہا کہ وکیلِ صفائی نے نیب کی بہت کلاس لے لی۔انہوں نے استفسار کیا کہ نیب بتائے کہ کب تک ریفرنس دائر کیا جائے گا؟۔نیب کے تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ جیسے ہی ہیڈ کوارٹرز سے منظوری ہو گی، عدالت کو آگاہ کر دیں گے۔احتساب عدالت نے نارووال اسپورٹس سٹی کیس کی سماعت 22 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے احسن اقبال سمیت دیگر ملزمان کو ریفرنس دائر ہونے تک اپنی مرضی سے پیش ہونے کی اجازت دیدی۔