سمارٹ لاک ڈائون کا دائرہ بڑھایا جا سکتا ہے،نوشین حامد
داسلام آباد :_ پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ سمارٹ لاک ڈائون کا دائرہ بڑھایا جا سکتا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ جاری ہے تاہم مکمل لاک ڈائون پر غور نہیں ہو رہا، سمارٹ لاک ڈاون کا دائرہ بڑھایا جا سکتا ہے جہاں کورونا ایس او پیز پر عمل نہیں ہوتا وہاں کیسز میں اضافہ نظر آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ این سی او سی ایک دو روز میں صورتِ حال کا جائزہ لے گی، جن شہروں میں کورونا وائرس کی شرح میں کمی نہیں آئے گی وہاں پابندی رہے گی۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی سب سے زیادہ توجہ کورونا وائرس کی ویکسی نیشن پر ہے، ویکسی نیشن کے عمل میں تیزی لائی جا رہی ہے، ملک میں 3 ہزار موبائل ویکسی نیشن یونٹ فعال ہیں۔