صدر مملکت کی عالمی برادری سے سیلاب زدگان کی امداد کی اپیل
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قوم، سمندر پار پاکستانیوں اور عالمی برادری سے سیلاب زدگان کی امداد کی اپیل کی ہے۔سیلاب زدگان کی امداد کے متعلق صدر ڈاکٹرعارف علوی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پوری قوم، سمندر پار پاکستانی اور عالمی برادری سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئیں، سیلاب متاثرین کو بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں سیلاب نے لوگوں کی زندگی اور معاش کو تباہ کر دیا ہے، پاکستانی قوم نے ماضی میں بھی غیر معمولی انسان دوستی کے جذبے کا مظاہرہ کیا، ایک بار پھر قوم امدادی کوششوں میں دل کھول کر نقد رقم اور اجناس سے اپنا حصہ ڈالیں۔صدر مملکت کا کہنا ہے کہ تمام حکومتیں، ادارے، این جی اوز اور رضاکار متاثرین کو پناہ، خوراک اور طبی سہولیات کی فراہمی میں مدد کریں، میڈیا بھی قوم کو رقم اور ضروری اشیاء عطیہ کرنے کی ترغیب دے۔