تحریک انصاف اقتدار میں آکر نئے صوبوں کے قیام کے لئے آزاد کمیشن تشکیل دے گی۔ پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی
کراچی میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سید جلال محمود شاہ کی جانب سے دیئے گئےظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم ایک ہی کنبےسے تعلق رکھتے ہیں اس لیئے ہم سب کو ملکر ملکی ترقی کے لیئے جدوجہد کرنا ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان کے موجودہ حالات حکمرانوں کی کوتاہیوں کا نتیجہ ہیں تاہم تحریک انصاف اقتدار میں آکر کر بلوچ عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پچیس دسمبرکو کراچی میں ہونے والے جلسے میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے ثابت کردیا کہ وہ ملک میں تبدیلی چاہتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ کل سابق وزیر خارجہ سردار آصف احمد علی کی تحریک انصاف میں شمولیت کے بعد پنجاب میں ایک اور وکٹ گر گئی ہے اوراب تحریک انصاف سندھ میں بھی پچ بنانے کی تیاری کررہی ہے تاکہ مزید وکٹیں گرائی جاسکیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیوایم کا وفاق اور صوبہ سندھ میں ایک سیاسی مقام ہےاورہم اس کے وجود کو تسلیم کرتے ہیں۔اس موقع پر سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سید جلال محمود شاہ نے ملکی ترقی اورسلامتی کے لئے اپنی جماعت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔