بھارتی ریاست گجرات میں غنڈوں نے ماں کو بچانے کی کوشش کرنے والے 13سالہ بچے کو قتل کردیا
بھارتی ریاست گجرات میں پولیس اہلکار کے بیٹے سمیت 7 غنڈوں نے ماں کو بچانے کی کوشش کرنے والے 13سالہ بچے کو چاقو مار کر قتل کردیا۔ پولیس نے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے اور باقی کی تلاش کے لئے چھاپے مار رہی ہے۔ بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق احمد آباد کے گومتی پور تھانے کے ہیڈ کانسٹیبل ابھیناش ٹھاکر کے بیٹے امیت ٹھاکر نے شراب کے نشے میں جھونپڑی میں رہائش پذیر جھاڑو بنانے والی خاتون سے دست درازی کی کوشش کی لیکن لوگوں کے جمع ہو جانے پر بھاگ گیا۔وہ رات کو اپنے دیگر چھ ساتھیوں کے ساتھ دوبارہ آیا اور مذکورہ خاتون کو اٹھا کر لے جانے کی کوشش کی ۔ خاتون کی چیخیں سن کر اس کا 13 سالہ بیٹا اور خاوند جاگ گئے اور انہوں نے خاتون کی چھڑانے کی کوشش کی جس دوران 22 سالہ امیت ٹھاکر نے خاتون کے بیٹے کو چاقو مار دیا اور زیادہ خون بہ جانے سے بچہ موقع پر دم تو ڑ گیا۔