رواں مالی سال پہلے پانچ ماہ کے دوران روایتی بینکوں کے نجی شعبے کو قرضوں میں 400 فیصد اضافہ ہوا۔ سٹیٹ بینک
سٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ رواں مالی سال (2018-19ئ) کے پہلے پانچ ماہ کے دوران روایتی بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں 400 فیصد اضافہ ہوا ہے۔بینک کے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں جاری مالی سال کے دوران (یکم جولائی تا 5 دسمبر) اسلامی بینکوں کی جانب سے نجی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں 8 گنا کا اضافہ ہوا۔ جاری مالی سال 5 دسمبر تک روایتی بینکوں کی جانب سے نجی شعبہ کو 268.5 ارب روپے کے قرضے جاری کیے گئے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں نجی شعبے کو روایتی بینکوں کی جانب سے صرف 65 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے گئے تھے۔ دوسری جانب اسلامی بینکاری کے شعبے میں قرضوں کی فراہمی آٹھ گنااضافے سے 48.5 ارب روپے رہی، گزشتہ سال اسی عرصے میں اس کا حجم 6.2 ارب روپے رہا تھا ۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں جاری مالی سال کے پانچ ماہ کے دوران روایتی بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو قرضہ جات کی فراہمی میں 400 فیصد یعنی 203.5 ارب روپے جبکہ اسلامی بینکاری کے شعبہ کی جانب سے نجی شعبہ کو فراہم کیے گئے قرضوں کے حجم میں 42.3 ارب روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔