پاکستان میں آبادی کے لحاظ سے بینکنگ سہولیات سے استفادہ کرنے والوںکی تعداد بہت کم ہے
مائیکرو فنانس بینکاری سے قرضہ کی سہولت سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد 7 ملین جبکہ کمرشل بینکوں سے قرضہ کی سہولت حاصل کرنے والوں کی تعداد آدھی یعنی 3.5 ملین ہے۔ فنکا مائیکرو فنانس بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مدثر عاقل نے کہا ہے کہ پاکستان میں بینک اکاﺅنٹس کی مجموعی تعداد 41 ملین ہے جن میں درحقیقت20 ملین سے کم اکاﺅنٹس ہی پوری طرح فعال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی 200 ملین افراد پر مشتمل ہے جس کے تناظر میں بینکنگ کی سہولیات سے استفادہ کرنے والے صارفین کی تعداد بہت کم ہے جس میں اضافہ کے لئے خاطر خواہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمرشل بینکوں سے قرضہ حاصل کرنے والوں کی تعداد 3.5 ملین ہے جبکہ مائیکر فنانس بینکاری کے شعبہ سے قرضہ کی سہولت حاصل کرنے والوں کی تعداد اس سے دوگنا یعنی 7ملین افراد پر مشتمل ہے جس سے مائیکرو فنانس کے شعبہ کی کارکردگی کی عکاسی ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ مائیکرو فنانس بینکس سے چھوٹے صارفین کو 2.75ارب روپے کے قرضے فراہم کئے گئے ہیں جس میں سالانہ 40 فیصد کی شرح سے اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مائیکرو فنانس بینکاری کا شعبہ غربت کے خاتمہ کے لئے اہم کردار کا حامل ہے۔