راولپنڈی: ڈکیتی کی کوشش ناکام ،فائرنگ سے 2اہلکار زخمی ،1ملزم گرفتار

راولپنڈی کے ایک ایس ایچ او نے جان پر کھیل کر ڈکیتی ناکام بنا دی،پنڈی شہر میں ایک ماہ میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر ڈکیت اور منشیات گروہوں نے پانچویں بار فائرنگ کی۔امپیریل مارکیٹ میں 3ملزمان کی فائرنگ سے 2پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔فائرنگ کے باوجود ایس ایچ او سٹی قمر سلطان نے بہادری دکھاتے ہوئے ملزم کو اپنی مضبوط گرفت میں جکڑے رکھا۔راولپنڈی کے تھانہ سٹی کی حدود میں راجہ بازار کی امپیریل مارکیٹ کے سامنے موٹر سائیکل پر سوار اسلحہ سے لیس 3 ڈکیتوں نے پولیس کی نفری پر فائرنگ کر دی جس سے 2اہلکار زخمی ہوگئے۔اس موقع پر ایس ایچ او سٹی نے کمال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ملزم کو مسلسل فائرنگ کے باوجود اپنی مضبوط گرفت میں پکڑے رکھا اور گرفتار کرلیا۔اس سے قبل بھی گذشتہ ایک ماہ میں شہر بھر میں 5واقعات میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق اور 3زخمی ہوئے ہیں جبکہ ایک شہری بھی جان کی بازی ہار گیا ہے۔شہر بھر میں گزشتہ چند ماہ میں شہری ڈکیتی و چوری کی وارداتوں میں لاکھوں روپے کا نقصان اٹھا چکے ہیں۔